کوئٹہ اوپن ویمن ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کا فائنل زہرہ علی نے جیت لیا

Published On 23 July,2023 10:57 am

کوئٹہ : (ویب ڈیسک ) محکمہ کھیل کے زیر اہتمام آل کوئٹہ اوپن ویمن ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کا فائنل زہرہ علی نے اپنے نام کر لیا ۔

فضا محمد علی دوسرے نمبر پر رہیں ، فائنل کے مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس اسحاق جمالی اور مسز محمد ارشد خان تھیں۔

اس موقع پر ڈی جی سپورٹس درابلوچ ٗ ٹیبل ٹینس کوچ فرح درانی ، شہلاگل، مصباح اقبال ،محب کاکڑ ،ایوب خلجی ،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سپورٹس آصف لانگو ٗ کامران خان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے سیکرٹری اسحاق جمالی نے کہا کہ محکمہ کھیل بلوچستان صوبے بھر میں کھیلو ں کے فروغ کیلئے جو اقدامات کر رہا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں صوبے کی با صلاحیت خواتین کھلاڑیوں کو اپنے جوہر دکھانے کیلئے مواقع دئیے جا رہے ہیں ۔

آل کوئٹہ اوپن ویمن ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد سے کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر بھی محکمہ کھیل نے 35مختلف کھیلوں کے مقابلے کرانے کی تیاریاں کر لی ہے جس میں نیشنل فٹ بال چیمپئن شپ ،کرکٹ ،والی بال ،ہاکی سمیت دیگر کھیل شامل ہوں گے،  ہر ڈسٹرکٹ میں گیمز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ انٹر سکولز سپورٹس گالہ کا بھی انعقاد ہو رہاہے جن سکولوں میں سہولیات ہے وہاں بھی مقابلے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آل کوئٹہ اوپن ویمن ٹیبل ٹینس ٹورنا منٹ میں اتنی بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کی خواتین دیگر شعبوں کے ساتھ کھیلوں کے میدانوں میں بھی اپنے ٹیلنٹ کے جوہر دیکھا رہے ہیں۔

مسز محمد ارشد خان نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین با ہمت اور با صلاحیت ہیں جو کسی بھی میدان میں دیگر صوبوں کی خواتین سے پیچھے نہیں خواتین جس طرح کھیلوں کے میدانوں میں کامیابیاں حاصل کر کے دینا میں نہ صرف صوبے کا بلکہ ملک کا نام روشن کر رہی ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔

 انہوں نے ٹورنامنٹ جیتنے والی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے مزید محنت کر کے آج کی ہار کو کل جیت میں بدل سکتے ہیں۔

آخر میں سیکرٹری اسحاق جمالی ،مسز محمد ارشد خان ،ڈی جی درابلوچ نے کھلاڑیوں میں انعام تقسیم کئے ٹورنمنٹ جیتنے والی کھلاڑی زہرہ علی کو 50ہزار رنر اپ فضا محمد علی کو 30ہزار تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کر نے والی کھلاڑیوں کو 20 ، 20ہزار کیش کا بھی انعام دیا گیا۔