نوواک جوکووچ تھکاوٹ کے باعث ٹورنٹو ماسٹرز سے دستبردار

Published On 25 July,2023 01:56 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) سربیا کے معروف ٹینس سٹار نوواک جوکووچ تھکاوٹ کے باعث ٹورنٹو ماسٹرز ٹینس ایونٹ سے دستبردار ہو گئے۔

ٹورنامنٹ کے منتظمین نے اعلان کیا کہ نوواک جوکووچ تھکاوٹ کی وجہ سے ٹورنٹو میں اگلے ماہ ہونے والے کینیڈین اوپن ایونٹ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

36 سالہ سربین سٹار کو گزشتہ ہفتے سپین کے معروف ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک کارلوس الکاراز کے ہاتھوں ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایونٹ کے مین ڈرا میں جوکووچ کی جگہ امریکی ٹینس سٹار کرسٹوفر یوبینکس لیں گے۔

جوکووچ کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کینیڈا میں لطف اٹھایا ہے لیکن اپنی ٹیم کے ساتھ مشورے کے بعد مجھے یقین ہے کہ ایونٹ سے دستبرداری درست فیصلہ ہے۔

خیال رہے کہ 23 بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن جوکووچ نے چار مرتبہ ٹورنٹو ماسٹرز ایونٹ جیتا ہے۔

یاد رہے کہ ٹورنٹو ماسٹرز ٹورنامنٹ آئندہ ماہ 7 اگست سے شروع ہوگا۔