نائیجیرین قصبہ اگبو اورا، جڑواں بچوں کا دارالحکومت

Last Updated On 08 May,2019 11:40 am

ابوجہ: ( روزنامہ دنیا) نائیجیریا میں ایک گاؤں ایسا ہے جہاں دنیا بھر میں سب سے زیادہ جڑواں بچوں کی تعداد موجود ہے، مقامی لوگ اس کی وجہ بھنڈی کے پتوں کو گردانتے ہیں۔

جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کی رپورٹ کے مطابق اگبو اورا گاؤں میں واقع سکولوں میں بھی ہم شکل بچے تعلیم کے حصول کیلئے آتے ہیں۔ اگبو اورا میں واقع ایک سکول کے طالب علم کیہندے اوئیڈیپو کا کہنا تھا کہ یہ جڑواں بچوں کا دارالحکومت ہے، ہمارے گاؤں میں جڑواں بچوں کی تعداد بہت زیادہ ہے جس کی وجہ بہت زیادہ بھنڈی کے پتے کھانا ہے، اس کے علاوہ ہم لوگ کھانے میں کھجور والا تیل، پھلیاں اور کیلے استعمال کرتے ہیں۔

طالب علم کا کہنا تھا کہ اگر یہاں آنے والے سیاح بھی بھنڈی کے پتوں کا کھانے میں بہت زیادہ استعمال کریں تو وہ بھی ہم شکل بچوں کے والدین بن سکتے ہیں۔ قصبے میں تعینات گائنا کولوجسٹ کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی سبزی زیادہ کھانے سے جڑواں بچوں کی کثرت کی بات تاحال سائنسی اعتبار سے ثابت نہیں ہوسکی۔

ایکوجومی اولارینو اجو کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ خاندانی ورثہ ہوسکتا ہے کیوں کہ یہاں کہ افراد خاندان میں ہی شادیاں کرتے ہیں جس کے باعث امکان ہے کہ خاندانی جینز اس میں مؤثر کردار ادا کر رہے ہوں۔