امریکی خاتون کو پراسرار بیماری، روزانہ نئی یادداشت کے ساتھ بیدار ہونے لگی

Last Updated On 08 May,2019 11:40 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکہ میں ایک خاتون پراسرار بیماری میں مبتلا ہو گئی۔ خاتون روزانہ نئی یادداشت کے ساتھ بیدار ہوتی ہے۔ کم مدت کی یادداشت کی شکار خاتون رات کو سونے کے بعد اگلے دن بیدار ہوتی ہے تو سمجھتی ہے نیا دن بھی اکتوبر 2017ء ہے۔

امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا کی کیٹلن کا 17 ماہ پہلے 12 اکتوبر 2017 کو کالج میں کھیل کے دوران سر ساتھی لڑکی کے سر سے ٹکرایا تھا جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگئی تھیں۔ دماغی معالجین نے چوٹ کو شدید قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بتدریج نارمل ہو جائیں گی مگر ایسا نہ ہوا اور اب ہر صبح اس کے والدین جگا کر کہتے ہیں کہ دو سال قبل حادثہ پیش آیا تھا اور اب روزانہ نئی یادداشت کو اپنے ذہن میں بٹھاتی ہیں لیکن رات کو سوتے ہوئے وہ بھی محو ہوجاتی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹروں نے خاتون کی بیماری کو ’اینٹروگریڈ ایمنیسیا‘ کا نام دیا ہے۔ دوسری طرف کیٹلن کے والد نے بتایا کہ مجھے روزانہ یہ خوف رہتا ہے کہ وہ میری بات کو جھوٹ قرار نہ دیدے لیکن یہ میرا کام ہے کہ روزانہ صبح اسے حقیقت سے آگاہ رکھوں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیٹلن اپنے والد سے جب یہ پوچھتی ہیں کہ ایسا کیوں ہوا تو وہ اسکے بستر کے پاس رکھا جرنل دکھاتے ہیں جس پر واقعے کی تفصیل درج ہے اور پڑھنے میں 15 سے 20 منٹ لگتے ہیں۔ کیٹلن کی ٹیچر اس سے ایسی ملتی ہیں جیسے دونوں ایک دوسرے کے لیے اجنبی ہوں ۔

کیٹلن کے والد اسے کئی ڈاکٹروں کے پاس لے کر گئے ہیں لیکن کوئی علاج نہ ہو سکا فی الحال علاج پر روزانہ 1000 امریکی ڈالر خرچ ہو رہے ہیں جو کیٹلن کی والد کے بس سے باہر ہیں تاہم انہوں نے ’’گو فنڈ می ‘‘کے ذریعے انٹرنیٹ سے چندہ لینا شروع کردیا ہے۔