ملک چھوڑنے کا خواب دیکھنے والی بھارتی طالبہ کو کینیڈا میں نوکری کی پیشکش

Published On 06 August,2023 01:11 pm

اوٹاوا: (ویب ڈیسک) بھارت چھوڑنے کا خواب دیکھنے والی طالبہ کو کینیڈا کی ایک مشہور کمپنی کے سی سی او نے نوکری کی پیشکش کر دی۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر بھارت سے تعلق رکھنے والی ایکتا نامی طالبہ کے انٹرویو کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ’ بھارت چھوڑنا میرا خواب تھا‘۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایکتا کو بھارتی صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لیکن سوشل میڈیا صارفین کا غصہ ان کے حق میں اچھا بھی ثابت ہوا ہے کیونکہ اس سے ویڈیو اس قدر وائرل ہوگئی کہ اس نے ٹرو کالر ایپ کے مشترکہ بانی اور سی ای او ایلن مامیدی کی توجہ بھی حاصل کرلی۔

ایلن مامیدی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر اس وائرل ویڈیو کے بارے میں اپنا ردِعمل دیتے ہوئے لکھا کہ لوگ اس کا مذاق اڑانے کیلئے اسے غلط سمجھنا چاہتے ہیں جوکہ بالکل غلط ہے۔

انہوں نے ایکتا کو نوکری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ پڑھائی سے فارغ ہو جائیں تو ہم آپ کو ’ٹرو کالر‘ کے کسی بھی آفس میں کام کرنے کیلئے خوش آمدید کہتے ہیں۔