دبئی میں عراقی طیارے سے ریچھ فرار، پرواز تاخیر کا شکار

Published On 07 August,2023 11:55 am

دبئی : (ویب ڈیسک) دبئی میں عراقی طیارے سے ریچھ فرار ہوگیا جس کی وجہ سے پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی۔

عرب میڈیا کے مطابق پرواز میں تاخیر کے باعث مسافر شدید ناراض ہوگئے اور سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی ، واقعے پر عراقی وزیر اعظم نے تحقیقات کا حکم دیا ہے کہ دبئی ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے عراقی طیارے کے کریٹ سے ریچھ کیسے فرار ہو گیا؟

عراقی ایئر ویز نے ہفتے کے روز کہا کہ ریچھ کے فرار کا ذمہ دار وہ نہیں ہیں، طیارے کے عملے نے متحدہ عرب امارات میں حکام کے ساتھ کام کیا جس نے ماہرین کو جانور کو بے ہوش کرنے اور اسے طیارے سے ہٹانے کے لیے روانہ کیا۔

سوشل میڈیا پروائرل ویڈیو میں جہاز کے کپتان نے جمعہ کو ٹیک آف میں تاخیر پر مسافروں سے معافی مانگتے ہوئے دکھایا گیا ہے کیونکہ کارگو والے حصہ میں ریچھ کریٹ سے فرار ہو گیا تھا۔

عراقی ایئرویز نے کہا کہ ریچھ کی نقل و حمل کا طریقہ کار قانون کے مطابق اور بین الاقوامی ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے منظور کردہ طریقہ کار اور معیارات کے مطابق انجام دیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق عراقی ایئرویز کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی کہ ریچھ کو عراقی دارالحکومت منتقل کیا جا رہا تھا ، عراق میں شکاری جانوروں کو پالتو جانور کے طور پر رکھنا خاصامقبول ہو گیا ہے۔

دوسری جانب حکام جنگلی جانوروں کے تحفظ کے لیے قانونی دفعات کو نافذ کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بغداد کی پولیس نے اس سے قبل شہریوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایسے جانوروں کو شہر کی سڑکوں پر چھوڑے جانے کو روکنے میں مدد کریں۔