چین میں فوج کا مذاق اڑانے پر کامیڈی کمپنی کو بھاری جرمانہ

Published On 17 May,2023 08:49 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی حکام نے فوج کا مذاق اڑانے پر کامیڈی کمپنی کو ایک کروڑ 47 لاکھ یوآن جرمانہ عائد کردیا۔

غیر ملکی میڈیاکے مطابق کمپنی کے رکن سٹینڈ اپ کامیڈین لی ہاؤشی نے ہفتے کے دن بیجنگ میں فوج کے ایک نعرے کا مذاق اڑایا تھا، انہوں نے چینی آرمی کا نعرہ ’کام کا اچھا انداز، جنگیں جیتنے کے اہل‘ کی تضحیک کی تھی۔

بیجنگ کے میونسپل ثقافت اور سیاحت بیورو نے کہا کہ اس نے لی ہاؤشی کے لطیفے کی تحقیقات کیں اور معلوم ہوا کہ اس لطیفے سے قانون شکنی ہوئی ہے۔

زیاؤگو کلچر میڈیا پر ایک کروڑ 47 لاکھ یوآن کا جرمانہ عائد کیا گیا اور کمپنی کے زیر اہتمام بیجنگ اور شنگھائی میں منعقدہ تمام پروگرامز کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ثقافت اور سیاحت بیورو نے کہا کہ ہماری فوج قومی سلامتی اور لوگوں کے امن و سکون کی محافظ ہے، انہوں نے کہا کہ ہم کسی کمپنی یا فرد کو فوج کے عظیم الشان مرتبے کو ہدف تضحیک نہیں بننے دیں گے۔ 

Advertisement