نیویارک : ( ویب ڈیسک ) بحرِ اوقیانوس میں غرقاب ہونے والے ٹائی ٹینک تک تفریحی سفر کے لیے جانے والی آبدوز’ ٹائٹن ‘ کا ملبہ نکال لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سمندر کی تہہ سے نکالی گئی چیزوں میں آبدوز کا اگلا حصہ بھی شامل ہے جس سے سیاحوں کو ٹائی ٹینک کی باقیات کا نظارہ کرنا تھا۔
گزشتہ روز کینیڈا کے سینٹ جانز شہر کی بندرگاہ پر ٹائٹن آبدوز کے ملبے کو لایا گیا جس میں آبدوز کا لینڈنگ فریم اور پچھلی جانب موجود خول بھی شامل تھا۔
امریکی کوسٹ گارڈ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ آبدوز کے ملبے سے انھیں انسانی باقیات ملے ہیں تاہم طبی ماہرین اس حوالے سے ان مبینہ باقیات کا باقاعدہ معائنہ کریں گے۔
ایم بی آئی کے چیئر کیپٹن جیسن نیوباور نے ایک بیان میں کہا کہ ٹائٹن کی تباہی کن وجوہات جن وجوہات کی بنا پر ہوئی انہیں سمجھنے کے لیے اب بھی بہت زیادہ کام کرنا باقی ہے تاکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جا سکے کہ ایسا سانحہ دوبارہ نہ ہو۔
یاد رہے کہ ٹائٹن نامی تفریحی آبدوز اتوار کو بحرِ اوقیانوس میں 3800 میٹر گہرائی میں موجود تاریخی بحری جہاز ٹائٹینک کے ملبے تک تفریحی سفر پر روانہ ہوئی تھی لیکن سفر کے آغاز کے پونے دو گھنٹے بعد اس سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق ٹائٹن کو بحیرہ اوقیانوس میں 12 ہزار 5 سو فٹ نیچے حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں اس کے اندر دھماکا ہوا تھا اور اس میں سوار پاکستانی کاروباری شخصیت شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سمیت 5 سیاح زندگی کی بازی ہار گئے۔