بوگوٹا: (دنیا نیوز) کولمبیا میں صدارتی امیدوار پر قاتلانہ حملے کے بعد امن وامان کی صورتحال تشویشناک ہوگئی۔
کولمبیا دھماکوں سے لرز اٹھا، یکے بعد دیگرے بم حملے اور فائرنگ سے 8 افراد ہلاک جبکہ درجنوں شدید زخمی ہوگئے، جنوب مغربی کولمبیا میں پولیس سٹیشنوں کے قریب بھی دھماکے ہوئے۔
کولمبیا کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کولمبیا میں بم دھماکوں اور فائرنگ کے ذمہ دار باغی گروپس ہیں۔
واضح رہے کہ کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں دائیں بازو کے اپوزیشن سینیٹر اور اگلے سال کے صدارتی انتخابات کے امیدوار میگوئل اوریبے ریلی کے دوران خطاب کررہے تھے کہ انہیں 3 گولیاں مار دی گئیں۔
قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے 39 سالہ میگوئل اوریبے کو سر پر 2 گولیاں لگیں، انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، ان کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، فائرنگ کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار بھی کر لیا گیا تھا۔