شامی متحارب گروپوں نے جھڑپیں روکنے پر اتفاق کر لیا: امریکی وزیر خارجہ

Published On 17 July,2025 09:28 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اعلان کیا ہے کہ شام میں برسرپیکار مختلف متحارب گروہوں نے جھڑپیں ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تمام اہم فریقین سے براہ راست رابطہ کر کے ایک مشترکہ حکمت عملی طے کی گئی ہے، جس کے تحت مخصوص اقدامات پر باہمی اتفاق ہوا ہے۔

مارکو روبیو نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات کے نتیجے میں آج رات شام میں جاری انسانی المیہ اور کشیدگی میں واضح کمی آئے گی، تمام گروپوں کو اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے وعدوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔

اس پیش رفت کے بعد شامی حکومت نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس کی فوج نے شہر سویدا سے انخلا کا عمل شروع کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ دمشق پر اسرائیلی فضائی حملوں اور امریکا کی جانب سے فوجی واپسی کے مطالبات کے پس منظر میں سامنے آیا ہے، گزشتہ روز اسرائیل کے شام پر حملے میں 3 افراد جاں بحق اور 34 زخمی ہوئے تھے، حملے میں صدارتی محل اور وزارت دفاع کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شام اور اسرائیل کے درمیان غلط فہمی ہے، میں دونوں سے بات کروں گا، مغربی کنارے میں ہلاک امریکی شہری کے معاملے پر اجلاس بلائیں گے۔