اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے معاشی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، مہنگائی کی شرح اب سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی استحکام اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے، موجودہ زرمبادلہ ذخائر اڑھائی ماہ کی درآمدات کیلئے کافی ہیں، پاکستان کی معاشی کامیابیوں کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ 3 بڑی بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی، گزشتہ مالی سال میں ملک کی جی ڈی پی میں 3 فیصد اضافہ ہوا، رواں سال 4 فیصد سے زائد کی ترقی کا ہدف تھا۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے کچھ ترقی متاثر ہو سکتی ہے، پر امید ہیں کہ رواں مالی سال 3.5 فیصد شرح نمو حاصل کرلیں گے، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، حال ہی میں بیجنگ میں 24 مشترکہ منصوبوں پر معاہدے ہوئے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی زیر غور ہیں۔