لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء زعیم قادری نے تحریکِ انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس جماعت نے درختوں کے علاوہ خیبر پختونخوا میں کچھ نہیں کیا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے زعیم قادری نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو لاہور سے ایک سیٹ بھی نہیں ملے گی۔ اس جماعت نے درختوں کے علاوہ خیبر پختونخوا میں کچھ نہیں کیا۔ زعیم قادری نے کہا کہ خان صاحب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ پہلی بار انہوں نے جلسے میں گالیاں نہیں دیں۔
زعیم قادری نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز مینارِ پاکستان میں ہونے والے جلسے میں ساڑھے تین ارب روپے خرچ کیا گیا لیکن ہمیں اس سے کوئی تشویش نہیں، آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) زیادہ اکثریت حاصل کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے جلسے میں عمران خان نے کینسر ہسپتال بنانے کا ذکر تو کیا لیکن اتنا ظرف نہ دکھا سکے کہ اس کیلئے زمین کسی نے دی؟ اس کا نام بھی بتا دیتے۔ انہوں نے کہا کہ شوکت کینسر ہسپتال کی زمین اس وقت کے وزیرِاعلیٰ میاں محمد نواز شریف نے دی تھی۔