اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری کی ہسپتال سے جیل منتقلی کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے ایشو کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔
دنیا نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی نے معاملہ پارلیمان میں اٹھانے کے لئے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے تحریک التواء سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ہے۔ انہوں نے ایوان کی کارروائی ملتوی کر کے معاملے پر بحث کا مطالبہ کیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی صحت تشویشناک ہونے کے باوجود ان کو جیل منتقل کیا گیا ہے، سابق صدر اور رکن قومی اسمبلی کو ڈاکٹرز کی ہدایت کے خلاف فیصلہ کرتے ہوئے جیل منتقل کیا گیا ہے۔
شیری رحمان نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کی جیل منتقلی کا معاملہ انتہائی اہم ہے، ایوان کی کارروائی ملتوی کر کے معاملے پر بحث کرائی جائے۔