اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کی طرف سے بھیجے گئے نوٹسز کے جواب کے لیے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے مہلت مانگ لی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر سینیٹ قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور میں وفاقی وزیر اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر یلغار کردی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن حکومت کا مذاق اڑا رہا ہے اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔ اس کے بعد وفاقی وزرا نے بھی پریس کانفرنس کی تھی جس میں بھی الزام تراشی کی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الزام تراشی پر وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چودھری اور وزیر ریلوے اعظم سواتی کو 16ستمبر کو نوٹس بھجوائے تھے اور دونوں وزراکو جواب دینے کے لیے7 دن کا وقت دیا تھا۔
دونوں وفاقی وزرا کی جانب سے مہلت دینے کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست بھجوا دی ہے۔ فواد چودھری نے الیکشن کمیشن کو جواب دینے کے لیے 6 ہفتوں کی مزید مہلت مانگی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے بھی اپنے جواب کے لیے الیکشن کمیشن سے وقت مانگا ہے۔ الیکشن کمیشن کل وفاقی وزراء کے وقت مانگنے کا جائزہ لے گا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ وفاقی وزرا کی درخواست ملنے پر مہلت دینے یا نہ دینےکا فیصلہ ہوگا۔