اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی سے رجسٹرار سپریم کورٹ نے ریکارڈ منگوایا ہے، سپیکر کسی صورت ایوان کی کارروائی کا ریکارڈ سپریم کورٹ کو نہ دیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا ہے کہ جو لوگ اس ایوان کو فتح کرنا چاہتے ہیں ان کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، ججز یا ان کے اہل خانہ پنجاب کی پی ٹی آئی کی ٹکٹیں بیچ رہے ہیں، آج پھر عمران خان کو کل تک ریلیف دے دیا گیا ہے، یہ سرٹیفکیٹ شوکت خانم کا ہے یہ بدمعاشی نہیں چلے گی۔
اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا کہ پہلے تو پیسے صرف بنی گالا تک جاتے تھے اب جج پیسے لیکر ٹکٹیں دلوا رہے ہیں، اگر آپ ٹکٹیں بیچیں گے تو ہمیں کسی صورت برداشت نہیں، میری سیاسی زندگی میں پہلی بار ججز پیسے لے کر ٹکٹس دلوا رہے ہیں، ہمیں ڈٹ کر ان کا مقابلہ کرنا ہے اور ان کے سامنے نہیں جھکنا چاہیے۔