پی ٹی آئی اور ن لیگ الیکشن سے کیوں بھاگنا چاہتی ہیں: فیصل کنڈی

Published On 15 December,2023 05:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پتہ نہیں کیوں پی ٹی آئی اور ن لیگ الیکشن سے بھاگنا چاہتی ہیں، دونوں جماعتیں عوام کے سامنے جانے سے ڈر رہی ہیں۔

پلوشہ عباسی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کل الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کرنا ہے، وہ جاری ہونا چاہئے، الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ آپ کی ڈیوٹی ہے الیکشن شیڈول دیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ: عام انتخابات سے متعلق کیس آج ہی سماعت کیلئے مقرر ہونے امکان

فیصل کنڈی نے کہا کہ اگر آفسز رات 12 بجے کھل سکتے ہیں تو شیڈول بھی آسکتا ہے، الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ کا انتظار نہ کرے، ہم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے کہ الیکشن ملتوی ہوں۔

سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ میری تمام جماعتوں سے درخواست ہے کہ آئیں الیکشن میں عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ڈی آئی خان میں فوجی جوان شہید ہوئے آج ٹانک میں پولیس کے جوان وطن پر قربان ہو گئے، ہمارے جوان شہید ہو رہے ہیں ان کے خون میں کون ملوث ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ ماضی کے جو لوگ ان عسکریت پسندوں کو یہاں لائے ان سے پوچھیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا مطالبہ

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ان کو کٹہرے میں لائیں جن لوگوں نے کہا تھا کہ یہ لوگ پُرامن رہیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی اور عوام سکیورٹی فورسز کے جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں سوات میں آپریشن ہوا، پاکستان کے امن کے لیے جہاں سیاسی جماعتوں کی ضرورت ہو گی پاکستان پیپلز پارٹی سب سے پہلے کھڑی ہو گی۔