کراچی: واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 2 کمسن موٹرسائیکل سوار بھائی جاں بحق

Published On 21 July,2025 04:06 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کالا پل کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، حادثے کے نتیجے میں دو کم سن بھائی جاں بحق ہو گئے۔

کراچی میں ہیوی ٹریفک کے حادثات کا سلسلہ رک نہ سکا، ملیر کالا پل کے قریب ایک اور دل خراش ٹریفک حادثہ میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار دو کم عمر لڑکوں کا کچل دیا جس کے باعث دونوں کم عمر لڑکے موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع پر فرار ہوگیا۔

حادثے کے بعد موقع پر موجود مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگادی، پولیس کے مطابق جاں بحق دونوں کم عمر لڑکے سگے بھائی تھے جن کی شناخت 12 سالہ توصیف شاہ ولد افضل شاہ اور15 سالہ ایان شاہ افضل شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔

دونوں لڑکے کورنگی ڈھائی کے رہائشی تھے جو گھرسے سی ویو گھومنے جانے کے لئے موٹر سائیکل پرنکلے تھے، حادثے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے ۔

اس سال جنوری سے اب تک ڈمپر، ٹرالر اور واٹر ٹینکر سمیت ہیوی گاڑیوں کے حادثات میں جان سے جانے والے افراد کی تعداد 154 جبکہ صرف واٹر ٹینکر کی ٹکرسے جاں بحق افراد کی تعداد 36 تک جا پہنچی ہے۔