منہ کا ہروقت خشک رہنا ذیابیطس کے مرض کی علامت

Last Updated On 02 January,2019 10:02 am

واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) امریکہ میں ایک طبی تحقیق کے بعد خبردار کیا گیا ہے کہ منہ کا ہر وقت خشک رہنا جان لیوا مرض ذیابیطس کی علامت ہوسکتا ہے۔ امریکی ذیابیطس ایسوسی ایشن کی تحقیق میں بتایاگیاہے کہ بلڈ شوگر بہت زیادہ بلند رہنا منہ کو ہر وقت خشک رکھنے کا باعث بنتا ہے۔

تھکاوٹ اور جسمانی وزن میں کمی سے ہٹ کر ہر وقت منہ خشک رہنا بھی ذیابیطس کی ایک بڑی علامت ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق جب خون میں گلوکوز کی سطح بہت زیادہ ہو جاتی ہے تو گردے سیال کو جذب کرنے کی صلاحیت سے محروم ہونے لگتے ہیں اور اسے پیشاب کی شکل میں باہر خارج کرنے لگتے ہیں، اس کے نتیجے میں جسم پانی کی کمی کا شکار ہوتا ہے اور منہ خشک ہو جاتا ہے۔

خیال رہے کہ منہ کا خشک ہونا غذا کے ہضم ہونے کے عمل کو بھی متاثر کرتا ہے کیونکہ لعاب دہن غذا کے اجزا اور دانتوں میں موجود بیکٹریا کو بھی صاف کرتا ہے جس سے مسوڑھوں کے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ اگر آپ کا منہ ہر وقت خشک رہتا ہے تو ڈاکٹر سے رجوع کرکے معائنہ کرانا چاہئے کہ آیا یہ کس وجہ سے ہو رہا ہے