لاہور: (ویب ڈیسک)دنیا بھر میں جانوروں اور انسانوں کی انسیت سے متعلق بہت ساری خبریں پڑھنے کو ملتی رہتی ہیں، تاہم ایک خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ جہاں پر بلیاں پالنے کے شوق کے باعث 45 سال ساتھ رہنے والے میاں بیوی میں طلاق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق بہت سے لوگوں کو پالتو جانور پالنے کا شوق ہوتا ہے، کسی بھی چیز کا شوق جب جنون کی حد تک بڑھ جائے تو یہ نقصان کا باعث بھی بن جاتا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سنگاپور میں 45 سال سے ساتھ رہنے والے جوڑے کے درمیان طلاق ہوگئی اور اس کی وجہ خاتون کا بلیاں پالنے کا شوق بنی۔
جج شیخ مصطفیٰ ابو الحسن کے مطابق جوڑے نے 1975ء میں شادی کی تھی اور ان کی شادی کو 45 سال گزر گئے ہیں جبکہ ان کے 3 بچے ہیں۔
جج نے بتایا کہ ان کی ازدواجی زندگی میں 1997 سے اس وقت مسائل پیدا ہونا شروع ہوئے جب خاتون کا بلیاں پالنے کا شوق ضرورت سے زیادہ بڑھ گیا،
انہوں نے مزید بتایا کہ خاتون راہ چلتے ہر بلی کو اپنے گھر اٹھا کر لے آتی تھی جس سے ان کے گھر میں بے حد گندگی ہو گئی تھی، جوڑے نے بلیاں پالنے کے معاملے پر اختلافات کے باعث 14 سال قبل علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
خاتون کی وجہ سے گندگی پھیلنے سے ان کے پڑوسی نے متعدد بار ان کی شکایت بھی کی جب کہ پولیس اور دیگر حکام نے انہیں خبردار بھی کیا لیکن اس کے باوجود بھی ان کا شوق کم نہ ہوا۔ جب تمام تر کوششوں کے باوجود خاتون کا بلیاں پالنے کا شوق کم نہ ہوا تو اس کے شوہر نے اسے طلاق دے دی۔