لندن: (دنیا نیوز) بریگزٹ نے برطانوی وزیراعظم کی کرسی خطرے میں ڈال دی، اپوزیشن نے وزیراعظم تھریسامے کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی، جس پر رائے شماری آج ہوگی۔ ایوان میں حکومت کو بریگزٹ ڈیل پر 230 ووٹ کی تاریخی شکست کا سامنا بھی کرنا پڑ گیا، ووٹنگ میں حکومتی ڈیل کے حق میں 202 جبکہ مخالفت میں 432 ووٹ آئے۔
برطانوی پارلیمنٹ نے بریگزٹ ڈیل 230 ووٹ کی بھاری اکثریت سے مسترد کر دی اور ساتھ ہی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی گئی۔ حکومتی بریگزٹ ڈیل پر برطانوی پارلیمنٹ کا اہم اجلاس جاری ہے جہاں پانچ روز کی بحث کے بعد منگل کو رائے شماری کی گئی، جس میں تھریسامے حکومت کو ملکی تاریخ کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، حکومتی ڈیل کے حق میں 202 جبکہ مخالفت میں 432 ووٹ آئے۔
رائے شماری کے نتائج کے بعد اپوزیشن لیڈر لیبر پارٹی کے رہنما جیرمی کوربن حکومت پر خوب برسے۔ ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھریسامے حکومت عوام کی نمائندگی کی اہل نہیں، برطانوی عوام نے حکومت کو مسترد کر دیا ہے کیونکہ یہ اپنا اعتماد کھوچکی ہے۔ بریگزٹ ڈیل کے نتائج کے بعد اپوزیشن نے وزیراعظم تھریسامے کیخلاف تحریک عدم اعتماد بھی پیش کر دی جس پر رائے شماری برطانوی وقت کے مطابق بدھ کی شام 7 بجے ہوگی۔