اسلام آباد:(دنیا نیوز) فرانسیسی مارکیٹ ریسرچ کے ادارے ایپسوس نے پاکستان سے متعلق تازہ سروے جاری کردیا ہے، جس کے مطابق سال 2026 کے لیے 86 فیصد پاکستانی بہتری کے حوالے سے پُرامید ہیں۔
سروے میں بتایا گیا ہے کہ 63 فیصد پاکستانیوں کو سیاسی تسلسل کی توقع ہے، جبکہ 84 فیصد افراد آن لائن میل جول کو ترجیح دیں گے۔ تاہم 49 فیصد پاکستانیوں نے سوشل میڈیا کے استعمال میں کمی کا عندیہ دیا ہے۔
ایپسوس کے مطابق 70 فیصد پاکستانی خواتین کی قیادت میں اضافے کے خواہاں ہیں، جو معاشرتی تبدیلی کی جانب مثبت رجحان کو ظاہر کرتا ہے۔
سروے نتائج کے مطابق 75 فیصد پاکستانیوں نے 2026 کے لیے اپنے اہداف مقرر کر لیے ہیں، جبکہ گزشتہ سال اہداف طے کرنے والوں میں سے 60 فیصد افراد نے اپنے اہداف حاصل بھی کر لیے۔
ایپسوس کا کہنا ہے کہ 2026 میں کیریئر اور مالی اہداف پاکستانیوں کی اولین ترجیح ہوں گے۔ کھیلوں کے حوالے سے 59 فیصد پاکستانیوں کو امید ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم بہتر کارکردگی دکھائے گی۔
سیاسی منظرنامے سے متعلق سروے میں بتایا گیا ہے کہ 58 فیصد پاکستانیوں کے مطابق بانی پی ٹی آئی 2026 میں بھی جیل میں ہوں گے۔



























































